فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان انٹر بورڈز سپورٹس کمیٹی کا دو روزہ اجلاس پشاور بورڈ کے زیرِ اہتمام ایبٹ آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے ڈائریکٹرز سپور ٹس اور متعلقہ نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی بورڈز کے مابین کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور سال 2026-27 کے لیے مختلف کھیلوں کے شیڈول اور مقامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی ہدایت پر تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی جانب سے ڈائریکٹر سپورٹس (زنانہ) نگہت نورین مظہر اور ڈائریکٹر سپورٹس (مردانہ) میاں محمد شکیل نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ سال کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد، انتظامی امور اور تعلیمی بورڈز کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلبا و طالبات کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں اور بین البورڈز مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی شرکت اس عزم کی عکاس ہے کہ بورڈ میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ اور طلبا و طالبات کی ہمہ جہت تربیت کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر فیصل آباد بورڈ کی سابقہ میزبانی کو سراہتے ہوئے اس سال بھی تین گیمز دینے کا فیصلہ کیا گیا اور یوں تعلیمی بورڈ فیصل آباد سال 2026-27 میں آل پاکستان انٹر بورڈز کرکٹ چیمپئن شپ گرلز’ آل پاکستان انٹر بورڈز ہینڈ بال چیمپئن شپ بوائز اور آل پاکستان انٹر بورڈز کبڈی چیمپئن شپ بوائز کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے گا واضح رہے کی گزشتہ سال بھی تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے ڈائریکٹر سپورٹس میڈم نگہت نورین مظہر کی زیرنگرانی آل پاکستان انٹر بورڈز نیٹ بال’ باسکٹ بال اور کبڈی چیمپئن شپ کامیابی سے منعقد کروائی تھی جس میں فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے کبڈی بوائز اور باسکٹ بال گرلز میں پہلی جبکہ نیٹ بال گرلز میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی




