لاہور (بیوروچیف) ملک کے مختلف شہروں خصوصا لاہور میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے شہریوں، کسانوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ آج سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق صبح سویرے سورج مدھم کرنیں بکھیرتا نظر آیا اور شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہوائوں کی رفتار تقریبا 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد بتایا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا امکان 10 فیصد تک ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواں اور آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شام اور رات کے اوقات کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر بارشوں کا امکان ہے، 11 سے 13 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش متوقع ہے۔




