فیصل آبا د( سٹاف رپورٹر)آواز سی ڈی ایس اسلام آباد کا ویمن شیلٹر آرگنائزیشن فیصل آباد کا وزٹ گزشتہ دنوں Awaz CDSاسلام آبا د کی جانب سے ویمن شیلٹر آرگنائزیشن فیصل آباد کا مطالعاتی دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کے اسٹاف ممبرز ،جنرل باڈی،ایگزیکٹو ممبرز ، اسٹیک ہولڈرز اور چنچل سنگھ میں قائم ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی سابقہ و موجودہ طالبات نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران ویمن شیلٹر آرگنائز یشن کی صدر میڈم رضیہ عزیز نے ادارے کی سابقہ اور موجودہ سرگرمیوں، خواتین کی فلاح و بہبود، بااختیار بنانے اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے تنظیم کے مختلف منصوبوں اور مستقبل کے اہداف سے بھی آگاہ کیا۔تنظیم کے اکانٹنٹ ریاض نے ادارے کے تحت جاری مختلف پروجیکٹس کے بارے میں شرکا کو تفصیلات فراہم کیں اور منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ایڈمن شوکت جاوید نے دیگر این جی اوز اور سول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ ویمن شیلٹر آرگنائزیشن کی نیٹ ورکنگ، باہمی تعاون اور شراکت داری کے حوالے سے تفصیلی معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے مختلف جاری منصوبوں، ان کے مقاصد اور کمیونٹی پر پڑنے والے مثبت اثرات کے بارے میں بھی گفتگو کی۔اس موقع پر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی سابقہ اور موجودہ طالبات نے اپنے تجربات اور سیکھنے کے عمل کے بارے میں بھی اظہارِ خیال کیا۔




