آٹوفنانسنگ میں اضافہ،369ارب کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اسلام آباد (بیوروچیف) ملک میں آٹو فنانسنگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے تحت یہ حجم مئی 2026میں 369ارب روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق آٹو فنانسنگ میں سالانہ بنیاد پر 36فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر3فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ سطح جون 2022کے سابقہ ریکارڈ 368ارب روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جو گاڑیوں کی طلب میں مسلسل بہتری کی نشاندہی کرتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شرح سود میں کمی اور صارفین کی بہتر مالی استطاعت کے باعث گاڑیوں کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مارکیٹ میں گاڑیوں کی دستیابی بہتر ہونے سے بھی آٹو فنانسنگ کو فروغ ملا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹو فنانسنگ میں یہ مسلسل اضافہ مسافر گاڑیوں کی فروخت کو مزید سہارا دے گا، خاص طور پر فنانسڈ اور مہنگی گاڑیوں کے سیگمنٹ میں طلب بڑھنے کا امکان ہے۔اقتصادی ماہرین کے مطابق صارفین کے اعتماد میں بہتری کے باعث آٹو مارکیٹ بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے، اور آئندہ مہینوں میں اس رجحان کے مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں