ساہیوال(بیوروچیف)کمشنر ساہیوال ڈویژ ن شعیب اقبال سید نے تجاوزات کیخلاف مہم کے دوران شہر کے معروف بازاروں سے ہٹائی جانے والی ریڑھیوں کو ٹینکی چوک، صدر چوک اور مزدور پلی سے ملحقہ خالی جگہوں پر لگانے کی ہدایت کردی۔ آپریشن سے متاثرہ تمام افراد کی معاشی بحالی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان ریڑھی بازاروں میں کاروبار شروع کرنے والوں کو صفائی رکھنے بارے شعور بھی دیا جائے۔ سی او کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، سٹی مینجر پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ میونسپل کارپوریشن کے انفورسمنٹ انسپکٹر خالد ضیاء نے اجلاس کو بتایا کہ جھال روڈ پر جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جس پر کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکی روڈ جو محرم کے جلوس کی بھی اہم گزرگاہ ہے سے تجاوزات ختم کرنے کا کام شروع کیا جائے۔




