ائیر پورٹ کے اردگرد لائشیں نہ پھینکنے بارے آگاہی مہم تیز کرنیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت برڈ ہیزرڈ(Bird Hazard)کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد ڈویژن کے اضلاع میں ہوائی اڈہ اور پاک فضائیہ کی ایئر بیس کو محفوظ بنانا ہے۔کمشنر نے عید الاضحی کے ایام میں ایئرپور ٹ اور ایئربیس کے گردو نواح میں زیرو ویسٹ یقینی بنانیکی تاکید کی اور کہا کہ مذکورہ علاقوں میں کبوتر بازی،لیزر لائٹ کے استعمال، گوشت اور جانوروں کی آلائشیں پھینکنا فلائٹ سیفٹی کے لئے شدید خطرہ ہیں اسی مقصد کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں درختوں کی کانٹ چھانٹ کی جائے جبکہ فش اور پولٹری فارمز کا ڈیٹا بھی اکٹھا کریں۔کمشنر نے کہاکہ قربانی کے جانوروں کا گوشت اور الائشیں ایئرپورٹ/ایئربیس کے اردگرد نہ پھینکنے کے بارے میں عوامی آگاہی مہم تیز کریں۔اس ضمن میں تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائیں اوران علاقوں میں نمایاں جگہوں پر بینرزآویزاں کئے جائیں۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ عید کے ایام میں مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی سرگرم رکھیں اور کھلے عام گوشت/الائشیں پھینکنے یا صدقہ کا گوشت فروخت کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر) ندیم ناصر،مینجر ایئرپورٹ تسنیم اختر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی کے علاوہ جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔دریں اثنا کمشنر فیصل آبادنے عید الاضحی کے انتظامات کے حوالے سے محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کوشاہرات اور گلیوں میں سٹریٹ لائٹس کو فوری فنکشنل کرنے کی تاکید کی۔ اسی طرح پارکوں میں صفائی کے لئے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی کو ٹاسک تفویض کیا۔انہوں نے کہا کہ کوئی مین ہول بغیر کور نہیں ہونا چاہیے جبکہ واسا کو زیرتعمیر پراجیکٹس سائٹس کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے واسا سے ممکنہ بارشوں کی صورت میں وضع کردہ پلان بارے بریفنگ لی۔کمشنر نے ایڈیشنل کمشنرز کو پارکوں کے وزٹس کرنے اور سہولیات مکمل کرانے کا ٹاسک دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں