فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مین کیمپس اور پاکستان پارٹنرشپ انیشی ایٹو (PPI)کے باہمی اشتراک سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسٹیٹیو ٹ کے سٹاف اور طلبہ کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔پی پی آئی نے مسیحی طلبہ کی بھرپور معاونت کرتے ہوئے نہ صرف انہیں ووکیشنل کورسز میں داخل کروایا بلکہ تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کیساتھ ساتھ مستقبل میں مستقل بنیادوں پر ان کی بحالی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔اس موقع پر پی پی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وحید یوسف، ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد کے پرنسپل منیر طارق، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر شوکت علی اور پروفیسر سلامت مسیح نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور پی پی آئی کی مشترکہ کاوشیں نوجوان نسل کو عملی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے ملک کے مستقبل کو روشن بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوں گی۔یہ اشتراک اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ادارے اور سماجی تنظیمیں مل کر قوم کے نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔، تاکہ پاکستان کی یوتھ کو ہنر مند بنا کر قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔




