فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایم ایس ایف پنجاب کے صدر سجاداحمد خاںنے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ایک بار پھر گولڈ میڈل جیتنے پر قوم کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی شاندار کارکردگی پر پوری قوم کو سراہا ہے۔سجاد احمد خاںنے اپنے بیان میں کہا کہ ارشد ندیم نے موجودہ پاک بھارت کشیدہ ماحول میں پوری قوم کو خوشی کا موقع دیا۔ ان کی فتح اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ ہم عزم، محنت اور حوصلے کے ساتھ دنیا کے کسی بھی ملک کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ارشد ندیم قوم کا سرمایہ اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی کامیابی نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ قومی وقار کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی محنت، لگن، اور استقامت آج کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔سجاد احمد خاں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ارشد ندیم جیسے قومی ہیروز کی بھرپور سرپرستی کی جائے۔ کھیلوں کے شعبے میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ایک جامع، واضح اور مثر قومی کھیل پالیسی مرتب کی جائے ۔ تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرے اور ہمارے نوجوان باصلاحیت کھلاڑی عالمی میدانوں میں قومی پرچم کو مزید بلند کریں۔




