لاہور (بیوروچیف) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سرکاری اسکولوں کے 35ہزار اساتذہ کی انگریزی زبان کی مہارت بہتر بنانے کے لیے اسپوکن انگلش لینگویج ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اساتذہ کو انگریزی زبان بولنے اور لکھنے میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق تربیتی پروگرام بین الاقوامی ادارے برلٹز اور این آر ٹی سی کے اشتراک سے چلایا جائیگا ۔ اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں کلاس رومز میں طلبہ کی مزید مثر انداز میں رہنمائی کے قابل بنانا ہے۔حکام کے مطابق تربیت کے آغاز سے قبل اساتذہ کی موجودہ انگریزی مہارت کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پروگرام میں شمولیت کے لیے اسیسمنٹ گوگل فارم مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ٹریننگ سیشنز قریبی نامزد ڈسٹرکٹ پیکٹا ہیڈ آفسز یا منتخب اسکولوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ کلاسز ہفتے میں دو مرتبہ ہوں گی اور ہر سیشن کا دورانیہ دو گھنٹے اور پندرہ منٹ مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ پروگرام میں منتخب تمام اساتذہ کے لیے ہر سیشن میں سو فیصد حاضری لازمی ہوگی۔




