اسرائیل کا امریکا سے 12جدید جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل نے اپنی فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے امریکا سے 12جدید اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ کرلیا۔اسرائیلی میڈیاکے مطابق حکومت نے اس دفاعی خریداری کیلئے وزارت دفاع کو ایک ارب شیکل منتقل کرنے کی منظوری دی جس کے بعد معاہدے پر دستخط کیے گئے۔معاہدے کے تحت اسرائیلی فضائیہ کو اے ایچ 64ای اپاچی ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے۔یہ اپاچی ہیلی کاپٹر کا جدید ترین ماڈل ہے، جسے اسرائیلی حکام نے اپنی دفاعی ضروریات کے لیے اہم قرار دیا ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق، امریکی کمپنی بوئنگ یہ ہیلی کاپٹر فراہم کرے گی، جن کی ترسیل 2030کی دہائی کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اس معاہدے کو فوجی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے ہیلی کاپٹر مختلف خطرات کے خلاف اسرائیلی فوج کی عملی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گے۔اسرائیلی فضائیہ کے حکام کے مطابق ان ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا فیصلہ 7اکتوبر 2023کو حماس کے حملوں اور اس کے بعد غزہ میں ہونے والی لڑائی سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اے ایچ 64ای اپاچی ایک جنگی ہیلی کاپٹر ہے جو زمینی اہداف کو نشانہ بنانے، فوجی دستوں کو فضائی مدد فراہم کرنے اور مختلف فوجی کارروائیوں میں استعمال ہوتا ہے۔اس معاہدے کے ذریعے اسرائیل طویل مدت میں اپنی فضائی جنگی صلاحیتوں کو جدید بنانے اور فوجی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ نئے ہیلی کاپٹروں کی عملی شمولیت میں ابھی کئی سال لگ سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں