اسٹیٹ بینک کی ”گوکیش لیس” مہم کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحی کے لیے ملک بھر میں ”گو کیش لیس” مہم شروع کر دی، بینک دولتِ پاکستان نے آنے والی عیدالاضحی کے سلسلے میں مویشی منڈیوں میں خریدوفروخت کے دوران لوگوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے طریقوں کو فروغ دینے اور نقد رقم پر انحصار کم کرانے کے لیے ملک بھر میں ”گو کیش لیس” مہم شروع کردی ہے۔ یہ اسٹریٹجک اقدام پاکستان بھر میں ڈجیٹل مالی شمولیت کو فروغ دینے کے اسٹیٹ بینک کے ہدف کے تحت کیا جا رہا ہے، اس کا باقاعدہ آغاز آج 20مئی 2025 کو کیا گیا، اور یہ 6جون 2025 یا عید کی رات تک جاری رہے گی۔یہ مہم بینکاری صنعت کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے، اور اس کا مقصد ملک بھر کی 54مقررہ مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کو اسٹریم لائن کرنا ہے۔ گذشتہ سال ڈیجیٹلائزیشن کی کوششوں کی کامیابی کے بعد اس سال کی مہم کا مقصد مارکیٹ کے شرکا کو مزید ڈیجیٹل ذرائع اپنانے پر راغب کرنا ہے۔ ان مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقوں کو مختلف طرح کے لین دین کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے بشمول قربانی کے جانوروں کی خریداری، پانی اور چارے جیسی ضروریات کے لیے رقم کی ادائیگی، اور پارکنگ فیس کی سیٹلمنٹ۔ اس عرصے کے دوران تاجروں اور خریداروں دونوں کی سہولت کے لیے اسٹیٹ بینک نے 19مئی سے 15جون 2025 تک لین دین کی حد (transaction limits) بڑھا دی ہے۔ برانچ لیس بینکاری لیول -1کے اکائونٹس، آسان اکائونٹ /آسان ڈیجیٹل اکائونٹ، اور مرچنٹس اکائونٹس: لین دین کی یومیہ حد ختم کر دی گئی ہے، اور ماہانہ حد 50لاکھ روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔عوام کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ عید الاضحی کی مدت کے دوران آسان اور محفوظ ڈیجیٹل مالی سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ عوام “گو کیش لیس” مہم میں شرکت کرکے پاکستان میں زیادہ کارگر اور شمولیتی مالی ایکوسسٹم میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں