فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدرسینیٹر سردارخلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی ایک جمہوری معاشرے کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔ اختلا ف کرنے، پالیسیوں پر سوال اٹھا نے، اور پیشہ ورانہ یا سیاسی رائے میں فرق کا اظہار کرنے کا حق جمہور یت کا ایک لازمی حصہ ہے اور اس کا ہمیشہ احترام کیا جانا چاہیے۔جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ ہماری برادری کے لیے میرا پیغام سادہ ہے کہ متحد رہیں۔ انصاف، مساوات اور حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کسی ایک فرد سے کہیں زیادہ بڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترقی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب برادریاں ایک مشترکہ مقصد اور سوچ کے ساتھ مل کر کھڑی ہوتی ہیں۔قیادت کا تعین عہدوں یا مناصب سے نہیں ہوتا۔ اگر خدا نے آپ کو قیادت کا موقع عطا کیا ہے تو اپنی عملی مثال، دیانتداری، خدمت اور عوام سے وابستگی کے ذریعے قیادت کریں۔ حقیقی قیادت بامعنی کام اور دوسروں کو آگے بڑھانے سے ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ایک مضبوط، زیادہ جامع اور خوشحال پاکستان کے لیے کام جاری رکھناچاہئے، جہاں ہر شہری کے ساتھ عزت اور احترام کا سلوک کیا جائے۔انہوں نے دعا بھی کی کہ اللہ پاکستان کو پاکستان کی مذہبی اقلیتوں کو برکت دے اور ان کے حقوق، آزادیوں اور مستقبل کی حفاظت فرمائے۔




