فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ستھرا پنجاب کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات اور فیلڈ مانیٹر نگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میونسپل سروسز انور علی،ہیڈ کوارٹرزعادل عمر، اسسٹنٹ کمشنرز سٹی رنگزیب گورایہ، صدر ڈاکٹر ذوالقرنین، لوکل گور نمنٹ ، ہارٹیکلچرایجنسی، ستھرا پنجاب سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ میں نکلیں اور صفائی کے انتظامات کی موثر نگرانی یقینی بنائیں۔انہوں نے صفائی عملے اور وسائل کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے، مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ مزید موثر بنانے اور تحصیل وار صفائی سے متعلق ڈیٹا باقاعدگی سے ضلعی انتظامیہ کو بھجوانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے فیلڈ مانیٹرنگ، دستیاب وسائل کے موثر استعمال اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔




