کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں زلزلے نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 250 افراد جاں بحق جبکہ 500سے زائد زخمی ہوگئے ذرائع کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2تھی، جس کا مرکز صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8کلو میٹر ریکارڈ کی گئی،زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11بجکر 47منٹ پر آیا اور تقریباً 20منٹ بعد ہی اسی صوبے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 10کلو میٹر تھی۔ افغانستان کی وزارت اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام مشرقی افغانستان میں آنیوالے 6.0شدت کے زلزلے میں 250سے زائد افراد ہلاک اور 500زخمی ہو گئے۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق یہ زلزلہ 1917جی ایم ٹی پر جلال آباد سے 27کلومیٹر مشرق شمال مشرق میں 8کلومیٹر کی گہرائی پر ریکارڈ کیا گیا،افغان وزارت اطلاعات کے ایک اہلکار نے اناڈولو (Anadolu)ایجنسی کو بتایا کہ صوبہ کنڑ کے اضلاع میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں،سڑکیں زمین کھسکنے کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں جس سے متاثرہ علاقوں تک رسائی اورامدادی کارروائیوں میں دشواریوں کا سامنا ہے۔مقامی افراد کے مطابق یہ ملک میں آنے والے انتہائی طاقتور زلزلوں میں سے ایک تھا،افغانستان کی عبوری انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی کہ زلزلے سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ آج رات کے زلزلے سے ہمارے بعض مشرقی صوبوں میں جانی نقصان اور املاک کو نقصان پہنچا ہے،مقامی حکام اور رہائشی مرکزی اور قریبی صوبوں کی امدادی ٹیموں کے ساتھ علاقے کی جانب بچائو کی کوششوں میں مصروف ہیں،جانیں بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق بڑے زلزلے کے بعد اسی علاقے میں کم از کم دو دیگر زلزلے بھی آئے جن کی شدت 5.2تھی،اس سے قبل 7اکتوبر 2023کو افغانستان میں 6.3شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ طالبان حکومت کے تخمینے کے مطابق اس زلزلے میں کم از کم 4,000افراد ہلاک ہوئے تھے،اقوام متحدہ نے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1,500بتائی تھی، یہ افغانستان میں گزشتہ برسوں میں آنے والا سب سے مہلک قدرتی آفت تھا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، مردان،چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے،زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6اور گہرائی 15کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔




