پشاور(بیورو چیف)پشاور میں افغان باشندو ں کو پاکستانی شناختی کارڈز میں ردوبدل کرکے پاکستا نی خاندانوں میں شامل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، گینگ15لاکھ روپے افغان باشندوں سے وصول کرتا اور انہیں پاکستانی شناختی کارڈز، غر یب خاندانوں کے فیملی ٹری میں شامل کرلیتا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایس پی فقیر آباد ڈویژ ن ریشم جہانگیر کی ہدایت پر ولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات تیار کرنے میں ملوث منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا کر ملزمان اعتزاز، سلیمان خان، نسیم شاہ، فواد، عرفان اجمل، آصف اور قاری بشیر کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کا تعلق ایک منظم گروہ سے ہے، جن کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد کرلی گئی ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ گینگ صوبے کے مختلف اضلاع سمیت پشاور میں ایجنٹس کے ذریعے ایسے کمزور اور ضرورت مند پاکستانی شہریوں کو تلاش کرتا تھا، جن سے انکے خاندانی اور پاکستانی دستاویز ات حاصل کیے جاتے تھے۔بعد ازاں ملزمان بھاری رقوم کے عوض غیرملکی شہریوں کو جعلی طریقے سے پاکستانی شہریوں کے شجرہ نسب میں شامل کرکے ان کیلئے غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کرواتے تھے۔




