لاہور (بیوروچیف) الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چارجنگ سٹیشنز پر گاڑیوں کی “ری چارجنگ” کی قیمت مقرر کرنے کے اختیارات مالکان کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے چارجنگ سٹیشنز کیلئے کوئی مخصوص ریٹ مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مارکیٹ میں مقابلے کی فضا کو فروغ دیا جا سکے اور صارفین کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام چارجنگ سٹیشنز کو مقرر کردہ ٹیرف کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ الیکٹرک وہیکلز چارجنگ کیلئے انتہائی کم ریٹ ٹیرف رکھا گیا ہے تاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کو بڑھایا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ شہر سمیت مختلف مقامات پر الیکٹرک وہیکلز چارجنگ سٹیشنز قائم کیے جا چکے ہیں اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت تمام بجلی کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کنکشن فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔




