امریکہ میں چینی گاڑیوں کی درآمد پر پابندی برقرار

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ اگر کوئی چینی آٹو کمپنی امریکی ورکرز کے ذریعے امریکا میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنا چاہے تو اسے اجازت دینے پر غور کیا جاسکتا ہے، تاہم انہوں نے چین سے تیار شدہ گاڑیوں کی امریکا میں درآمد پر پابندی برقرار رکھنے کا واضح اشارہ دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں چینی کمپنیوں کے امریکا میں گاڑیاں تیار کرنے کے امکان پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی امریکی کارکنوں کے ساتھ امریکا میں گاڑیاں بنائے تو اس معاملے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ٹرمپ نے چین سے تیار شدہ گاڑیوں کی امریکی مارکیٹ میں درآمد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا چینی گاڑیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتا اور ان کے بقول اگر ایسا کیا جائے تو امریکی آٹو مارکیٹ چینی گاڑیوں سے بھر سکتی ہے۔امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چینی صدر شی جن پنگ کے متوقع دورے سے قبل دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ٹرمپ کے ممکنہ موقف سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ واشنگٹن چینی آٹو کمپنیوں کو امریکی مارکیٹ میں براہِ راست تیار شدہ گاڑیوں کی فروخت کی اجازت دینے کے بجائے مقامی سطح پر پیداوار کی شرط کے ذریعے سرمایہ کاری کی گنجائش فراہم کرسکتا ہے۔اس پیش رفت سے امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت، چینی آٹو کمپنیوں کی ممکنہ سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات پر نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے۔تاہم ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ چین سے تیار شدہ گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے امریکی پالیسی میں نرمی کا فی الحال کوئی عندیہ نہیں دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں