فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن طلبہ اسلام کی قیادت نوجوان نسل کی فکری، نظریاتی اور تعلیمی رہنمائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ سید آفتاب عظیم بخار ی سید راشد گردیزی شیخ محمد علی چوہدری ضمیر گجر صدرپنجاب شمالی میاں راشد حفیظ محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے نو منتخب مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے اور مرکزی سیکرٹری جنرل محمد احمد ترابی سمیت انجمن طلبہ اسلام کے تمام مرکزی و صوبائی قائدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام کی طویل، شاندار اور بے مثال جدوجہد اس کی مخلص، بے لوث اور نظریاتی قیادت کی قربانیوں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انجمن طلبہ اسلام نے ہمیشہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مثبت تعلیمی ماحول کے فروغ، طلبہ کی اخلاقی و نظریاتی تربیت اور نوجوان نسل کی کردار سازی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔مشترکہ بیان میں اس امید کا بھی اظہار کیا گیا کہ انجمن طلبہ اسلام کی نئی قیادت اتحاد و یکجہتی، تنظیمی استحکام اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائے گی اور ملک میں ایک ایسے تعلیمی و معاشرتی ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے گی جہاں علم، کردار، احترامِ انسانیت اور اسلامی اقدار کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام کی بنیادی ترجیحات میں ہمیشہ قلم و کتاب کی حرمت، علم و تحقیق کا فروغ، اساتذہ کرام کا احترام، طلبہ کے حقوق کا تحفظ اور تعلیمی اداروں کے تقدس کو برقرار رکھنا شامل رہا ہے۔ آج جب ہمارے تعلیمی ادارے مختلف فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہیں، ایسے حالات میں انجمن طلبہ اسلام جیسی نظریاتی اور تربیتی تحریکوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، لہذا ان کی درست فکری، اخلاقی اور تعلیمی رہنمائی ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انجمن طلبہ اسلام نے اپنی تاریخ میں طلبہ کے اندر اسلامی اقدار، محبت و اخوت، برداشت، رواداری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نو منتخب قیادت اپنی صلاحیتوں، بصیرت اور تنظیمی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کے مشن کو مزید وسعت دے گی اور تعلیمی اداروں میں علم دوست، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے موثر کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فلاح پارٹی طلبہ کی تعلیمی، اخلاقی اور نظریاتی تربیت کے لیے مثبت جدوجہد کرنے والی تمام تحریکوں اور تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ پاکستان فلاح پارٹی کی جانب سے انجمن طلبہ اسلام کے نو منتخب مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے، مرکزی سیکرٹری جنرل محمد احمد ترابی سمیت تمام مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔




