فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ ساندل بار وسیم طارق نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، آشنا کو قتل کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق 31جولائی کو امین پور بنگلہ نہر سے نوجوان کی نعش برآمد ہوئی، جسے سفاک ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد نعش نہر برد کر دی تھی، مقتول کی شناخت 28سالہ کامران ولد عبدالحمید سکنہ گرین ٹائون کے نام سے ہوئی تو پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ ساندل بار وسیم طارق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اندھا قتل ٹریس کرنے کیلئے مقتول کے لواحقین سے پتہ جوئی کی اور مقتول کے دوستوں سے بھی بازپرس کی تو دوران تفتیش مقتول کے فون سے خاتون فضا سے رابطے کا علم ہو اتو پولیس نے خاتون فضا کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے کامران کیساتھ تعلقات تھے اور اس کے ایک اور شخص سے تعلقات کا علم ہوا تو کامران سے تلخ کلامی ہوئی’ جس پر اس نے دوسرے آشنا کیساتھ ملکر کامران کو گولی مار کر قتل کر کے حقائق چھپانے کیلئے نعش کو نہر میں بہا دیا تھا، تاہم پولیس نے مقتولہ فضا کو گرفتار کر کے اسکے دوسرے آشنا کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاہم سی پی او تنویر حسین کا اندھا قتل ٹریس کرنے پر ایس ایچ او تھانہ ساندل بار اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




