فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او کھرڑیانوالہ نے رکشہ ڈرائیور کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا’ دوست ہی قاتل نکلا۔ تفصیل کے مطابق 229 رب مکوآنہ کے رہائشی منور حسین نے بتایا کہ بھائی امداد حسین ولد دلبر حسین جو کہ رکشہ چلاتا ہے، 24جولائی کو صبح رکشہ لیکر نکلا واپس نہ آیا’ اگلے روز 210 رب لکھوآنہ کے قریب امداد حسین کی نعش ملی جس کے جسم اور گلے پر رسیوں کے نشانات تھے، ایس ایچ او کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد اور تفتیشی آفیسر محمد شبیر نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مقتول کے دوست رضوان کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا چند روز قبل امداد سے جھگڑا ہوا تھا۔ ملزم رضوان نے امداد کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلے میں رسی ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش کو 210 رب لنک روڈ پر پھینک دیا تھا۔ سی پی او تنویر حسین نے ایس ایچ او انکی ٹیم کو اندھے قتل کا سراغ لگانے پر شاباش دی ہے۔




