فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کو مسلسل چھٹا روز’ حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز میں ڈیڈلاک برقرار’ اشیاء خوردونوش سمیت دیگر اشیاء کی ترسیل بری طرح متاثر’ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا۔ گڈز ایسوسی ایشن کے راہنمائوں کا کہنا ہے کہ حکومت ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا طریقہ کار ختم کرنے پر آمادہ نہیں ہے اور حکومت کو ٹول ٹیکس میں کمی یا موجودہ شرح کو کم ازکم ایک سال تک برقرار رکھنے کو بھی تیار نہیں ہے اور آئے روز ٹریفک پولیس سمیت دیگر ادارے گاڑیوں کے ہزاروں روپے کے بلاوجہ چالان کئے جا رہے ہیں۔ جسکی وجہ سے کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ حکومت ڈنگ ٹپائو پالیسی پر عمل پیرا ہو چکی ہے۔ کراچی سے فیصل آباد مال لانے کیلئے ہفتہ کا وقت لگتا ہے اور اگر روزانہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو تو کرایہ کس حساب سے طے کیا جائے گا۔ کسٹمر سے لڑائی جھگڑے بھی اسی بات پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کا اندازہ نہیں ہے۔ سبزیوں’ پھلوں اور دیگر اجناس کی ترسیل بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کے ردوبدل کی پالیسی کو واپس لے۔ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ہڑتال جاری رہے گی۔




