انصاف گروپ نے غلہ منڈی میں اپنی مدد آپ کے تحت مثالی ترقیاتی کام کرائے’ چیئرمین پامرا احمد سعید

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئر مین پامرا(پنجاب ایگری ریگولیٹری اتھارٹی )ملک احمد سعید نے کہا ہے کہ غلہ منڈی فیصل آباد ملک کی سب سے بڑی اور مثالی منڈی ہے جتنے ترقیاتی کام منڈی میں ن لیگ کے دور میں ہوئے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔آنے والے دنوں میں انجمن آڑھتیاں کی مشاورت سے اس میں مزید ترقیاتی کام کروائیں گے ۔غلہ منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ،انکروچمنٹ اور ٹریفک کے مسائل ہر منڈی میں ہوتے ہیں مارکیٹ کمیٹی اور آڑھتیوں کی مشاورت سے یہ مسائل بھی جلد ختم ہو جائیں گے ۔اپنی مدد آپ کے تحت انصاف گروپ نے غلہ منڈی میں عوامی فلاح و بہبود کے جتنے منصوبے مکمل کئے وہ انتہائی قابل ستائش ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاںاوروائس چیئر مین شیخ محسن خالد کی خصوصی دعوت پرغلہ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے کیا ،سیکر ٹری مارکیٹ کمیٹی اظہر کمبوہ، ایسوسی ایٹ انجینئر میاں ممتاز حسین ،صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی حاجی سردار حسین ،جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم ،سرپرست اعلی حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید،سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر ،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ،میاں محمد اشرف،رانا فخر زمان اور دیگر رہنما بھی اس موقع پرموجود تھے ۔چیئر مین رانا طیب خاں نے انصاف گروپ کے تین سالہ دور کے دوران ہونے والے کاموں اور منصوبوں کی فہرست پیش کی اور بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی کی سرکاری بلڈنگ کو بھی انصاف گروپ نے 10لاکھ روپے کی لاگت سے رینوایٹ کروایا ہے جس پر ملک احمد سعید نے انصاف گروپ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔رانا طیب خاں نے چیئر مین کو بتایا کہ 2025میں انصاف گروپ کی خصوصی کاوشوں سے منڈی منڈی میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے گئے جن میں ساڑھے 4کروڑ کی لاگت سے سیوریج سسٹم، 70لاکھ روپے کی لاگت سے مسجد کے اطراف کی گلیوں میں ٹف ٹائل، اور دیگر منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ نئے سال میں انصاف گروپ نے اپنی مدد آپ کے تحت منڈی میں 35لاکھ روپے کی لاگت سے آگ بجھانے والے سلنڈر اور منڈی میں صفائی کے لئے ڈسٹ بن ہر دکان پر رکھوائی ہیں تاکہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق ممبران محفوظ اور صاف ستھرے ماحول میں اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ 2کروڑ 60لاکھ روپے کی خطیر رقم سے سابق صدر حاجی منظور قادر روڈ کی منظوری بھی ہو چکی ہے جو اس ماہ ٹینڈر اوپن ہو جائے گا ۔چیئر مین پامرا نے کہا کہ غلہ منڈی کو جو بھی کام رہ گئے ہیں آنے والے دنوں میں آڑھتیوں کی مشاورت سے وہ بھی مکمل کریں گے ۔انہوں نے سیکر ٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدائت کی کہ کسی بھی آڑھتی کے پھڑ نہیں گرائے جائیں گے جو بھی انکروچمنٹ ہے اسے ختم کریں ۔انجمن آڑھتیاں انصاف گروپ کی طرف سے صدر حاجی محمد سردار اور جنرل سیکر ٹری حافظ عبدالقیوم نے چیئر مین پامرا کو خصوصی شیلڈ پیش کی ۔چیئر مین پامرا ملک احمد سعید نے انصاف گروپ کے تمام قائدین کو لاہور آنے کی خصوصی دعوت بھی دی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں