ممبئی (شوبز نیوز) بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار انوپم کھیر (Anupam Kher) نے حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں چرس اور بھنگ پی مگر ان کا یہ تجربہ ان کے لیے باعث عبرت رہا اور انہوں نے اسے دوبارہ نہ پینے کا وعدہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ انہیں پہلی مرتبہ چرس کے دو کش لینے کے بعد ایسا محسوس ہوا گویا میں پاگل ہو گیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آسمان کی طرف دیکھتے رہے اور ایک طیارے کو اتنی دیر تک گھورتے رہے کہ وہ چھوٹے نقطے میں بدل گیا اور وہ سوچنے لگے شاید وہ لندن ایئرپورٹ پہنچ چکا ہو۔سینئر اداکار نے کہا کہ بھنگ پینے کے بعد وہ تقریبا 8 گھنٹے تک ہنستے رہے۔ ہم جماعت بھی نشے میں تھے اور ہوسٹل کی چھت پر کھڑے ہو کر وارڈن پر چلا رہے تھے کہ فوج آ رہی ہے۔انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ نشے کی حالت میں ہی انہیں احساس ہوا کہ وہ پاگلوں جیسی باتیں کر رہے ہیں، اور تب سے انہوں نے یہ وعدہ کیا کہ وہ آئندہ کبھی اس طرف نہیں جائیں گے۔




