انچارج یوٹیلٹی سٹور ساہیوال کو17سال قید،2بھائیوں کی ضمانتیں خارج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سپیشل جج سنٹرل شمشاد علی رانا نے بدعنوانی’ جعل سازی کے جرم میں سابق سٹور انچارج ساہیوال کو مجموعی طور پر 17سال قید اور ساڑھے دس لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید قید سخت بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹور ساہیوال ریجن منصور احمد نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے بتایا کہ 22 نومبر 2024ء کو عاصم فیض کو ساہیوال یوٹیلیٹی سٹور کا چارج دیا گیا۔ 2مارچ 2025ء کو آڈٹ ہوا تو یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کا 64لاکھ’ 37ہزار 96کا سامان غائب پایا گیا اور بوگس ریکارڈ تیار کیا گیا، جس پر مذکورہ یوٹیلیٹی سٹور ساہیوال کے انچارج عاصم فیض کیخلاف سرکاری سٹور میں امانت میں خیانت اور رقم خردبرد کرنے پر مقدمہ درج ہوا تھا۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سپیشل جج سنٹرل ایف آئی اے نے برطانیہ میں ملازمت کے نام پر 3 کروڑ 87 لاکھ کے مبینہ فراڈ کیس میں ملوث ریحان بابر اور سلمان بابر کی ضمانتیں مسترد کر دیں’ ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق مدعی مقدمہ اکمل حسین اور اس کے دو کزنوں کو برطانیہ میں ملازمت دلوانے کے نام پر ملزمان ریحان بابر اور سلمان بابر نے 3کروڑ 87لاکھ روپے وصول کیے اور جعلی سرٹیفکیٹ آف سپانسرشپ (COS) فراہم کیا۔ دوران انکوائری بنک ٹرانزیکشنز، کال ریکارڈنگ اور دیگر متعلقہ دستاویزی شواہد اکٹھے کیے گئے۔ جس پر فاضل عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں