فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ سے پاکستان میں آئرلینڈ ایمبیسی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈیکلن جوں سٹن Declan Johnstonنے ملاقات کی۔ کمشنر فیصل آباد نے ڈپٹی ایمبسڈر کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس فیصل آباد آئرلینڈ کے ساتھ خاص طور پر بزنس شعبہ میں دو طرفہ تعلقات کو پروان چڑھائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بطور ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی گزشتہ2 سالوں میں انڈسٹریز کو ماحول دوست بنانے کے لئے انقلابی اقدامات کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری کو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرانے کے لئے متحرک کیا جارہا ہے جبکہ انڈسٹری ری لوکیشن پلان پر بھی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے لئے انڈسٹریل یونٹس کو درکار شرائط پوری کرانے کے لئے بھی سرگرم ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد بڑا انڈسٹریل حب اور انڈسٹریز کو انوائرمنٹل پروٹیکشن کے پیرامیٹرز کے مطابق بنانا ترجیح ہے۔کمشنر نے ڈویژن کی تعمیر و ترقی اور فیصل آباد کو ماحول دوست ڈویژن بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فیصل آباد میں آئندہ ہفتہ سے تعمیر وترقی کا دور شروع کررہے ہیں،فیصل آباد میں سسٹین ایبل ماڈل متعارف کرارہے ہیں۔شہر کی شاہرات کی مرمت وبحالی کے ساتھ علاقائی خوبصورتی کے لئے اقدامات شروع ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں مینارٹیز کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کا حل اولین ایجنڈا ہے اس ضمن میں کمشنر آفس میں مینارٹی سیل بھی قائم کیا جارہا ہے جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرز کے سیل قائم ہونگے جہاں مینارٹیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے۔ڈپٹی ہیڈ آف مشن آئرلینڈ نے کہا کہ یہ ان کا فیصل آباد کا پہلا دورہ ہے اور یہاں وزٹ کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔انہوں نے فیصل آباد کی ڈویلپمنٹ اور ماحول دوست اقدامات پر عملدرآمد کو سراہااور کہا کہ آئرلینڈ فیصل آبادکے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو پروان چڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مینارٹیز کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات پر کمشنر فیصل آباد کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔




