فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اومیگاریذیڈنیشیا کے ایڈمنسٹریٹر انجینئر احتشام الحق قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے جس پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ واقعہ کے مطابق تھانہ نشاط آباد پولیس اسٹیشن کو دی گئی درخواست میں ایڈمنسٹریٹر اومیگاریذیڈنیشیا احتشام الحق نے موقف اختیار کیا ہے کہ گذشتہ روز وہ تقریباً سوا گیارہ بجے اپنے دفتر اومیگاریذیڈنیشیا چک نمبر3 ج ب رام دیوالی سے روانہ ہوکر اپنے گھر 100ج ب کڑی ولا جاتے ہوئے راستہ میں 9چک کے قریب رندھاوا چوک پہنچے تو پانچ چھ موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی کا گھیرائو کرلیا اور گاڑی کے سامنے آکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی گاڑی کو ان کا بھتیجا چلارہا تھا جس نے ملزمان کی فائرنگ پر فوری طور پر گاڑی تیزدوڑا دی لیکن فائرنگ سے ایک فائر انجینئر احتشام الحق ایڈمنسٹریٹراومیگاریذیڈنیشیا کی بائیں ٹانگ پر لگا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور پرہسپتال منتقل کردیا گیا اس دوران انجینئر احتشام الحق کے بھائی نے ریسکیو15کو اطلاع دی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی۔




