اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو فوری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات، درخواستوں کی پراسیسنگ اور سروس ڈیلیوری کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر مہر ایوب اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر پر موجود درخوا ست گزاروں سے ملاقات کی اور ان سے براہ راست خدمات کی فراہمی، درخواستوں کے بروقت اندراج، رہنمائی، عملے کے رویے اور مسائل کے حل کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے شہریوں کی آرا اور تجاویز کو غور سے سنا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے اور درخواستوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے میں اوپن ڈور پالیسی پر ذمہ درانہ عملدرآمد کا مقصد شہریوں کو بلا رکاوٹ، شفاف اور فوری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر درخواست گزار کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش آیا جائے تاکہ عوام کا ادارے پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ای فائلنگ، پیپر لیس ورکنگ، آفس آٹومیشن اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور ”ای بز پنجاب” کے تحت وصول ہونے والی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر محکمانہ کارروائی کریں تاکہ حکومت پنجاب کے کاروباری سہولیات کی فراہمی کے ویژن کے کماحقہ مقاصد حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے فروغ سے نہ صرف شفافیت، رفتار اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ درخواستوں کی موثر مانیٹرنگ، بروقت نمٹانے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے، عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی اقدامات جاری رکھے جائیں اور ایسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں جن سے سروس ڈیلیوری کا معیار مزید بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ایف ڈی اے کو ایک جدید، شفاف، عوام دوست اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تیز، معیاری اور آسان خدمات میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں