اوکاڑہ،لیہ،سیالکوٹ ،مری میں الیکٹرو بسز کا افتتاح کردیا گیا

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، اور مری میں الیکٹروبسز کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، انہوں نے اگست کے آخر تک پنجاب بھر میں 1100الیکٹرو بسز فعال کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 5 برسوں میں صوبے میں 5ہزار الیکٹرو بسز چلائی جائیں گی، جس سے پنجاب پاکستان کے سب سے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کا حامل بن جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں انہیں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں ان 5 اضلاع کے 10روٹس پر 51الیکٹرو بسز چلائی جائیں گی، جبکہ جولائی کے آخر تک پنجاب کے مزید 9اضلاع میں 101نئی الیکٹرو بسز سروس کا حصہ بن جائیں گی۔ بریفنگ کے مطابق لیہ میں جنرل بس اسٹینڈ سے پہاڑ پور اور تحصیل اسپتال، چنیوٹ میں تحصیل چوک سے بھوانہ اور لالیاں، اوکاڑہ میں ساہیوال بائی پاس سے کے ایف سی بائی پاس اور جنرل بس اسٹینڈ سے شیر گڑ ھ ، سیالکوٹ میں جنرل بس اسٹینڈ سے ڈسکہ اور پسرور ، جبکہ مری میں جنرل بس اسٹینڈ سے کوٹلی ستیاں اور 17میل تک الیکٹرو بسز چلیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز الیکٹروبس اسٹینڈز کی تعمیر، بحالی اور دیکھ بھال کی خود نگرانی کریں جبکہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ بروقت اقدامات یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ نظام قائم کیا جا رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال کے دوران الیکٹروبس منصوبہ عوام میں بے حد مقبول ہوا ہے اور دور دراز و پسماندہ علاقوں کے لوگ بھی جدید، ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔وزیراعلی نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے 24 اضلاع میں 500 الیکٹرو بسز چل رہی ہیں، جبکہ 15 اگست تک 1100 بسیں صوبے میں پہنچ جائیں گی اور اگست کے آخر تک انہیں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ رواں سال مزید 1500 الیکٹرو بسز بھی شامل ہوں گی، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد تقریبا 3000 ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ آئندہ 5 برسوں میں پنجاب بھر میں کم از کم 5 ہزار الیکٹرو بسز چل رہی ہوں، ان کے مطابق الیکٹروبس منصوبہ تقریبا 200 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا پاکستان کا سب سے بڑا عوامی ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ طلبہ، خواتین اور بزرگ شہری الیکٹروبسوں میں مفت سفر کر رہے ہیں، جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب اور نارووال میں بھی جولائی کے آخر تک الیکٹروبس سروس شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ الیکٹروبسوں پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور اس میں ہر ہفتے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں