”اپنا کھیت اپنا روزگار ”پروگرام کے تحت مستحق کسانوں کو سہولیات کی فراہمی

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا کی تازہ ترین پیش رفت، ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی، ان کے موثر استعمال، حکومتی ریونیو میں اضافے کیلئے جاری اقدامات اور حکومت پنجاب کے”اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلا ع کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، زیر التوا درخواستوں، درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی، ریکارڈ کی تکمیل، قانونی کارروائی اور ریونیو جنریشن کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ “اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت مستحق کسانوں کو سہولیات کی فراہمی، درخواستوں کی جانچ، اہلیت کے عمل اور پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے جاری اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب ریونیو نظام میں شفافیت، ڈیجیٹل اصلاحات، سرکاری وسائل کے موثر استعمال، زرعی ترقی اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کا بروقت اجرا، سرکاری جائیدادوں کا مؤثر انتظام اور”اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے ذریعے کسانوں کو بااختیار بنانا انہی اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں