اپنی چھت اپنا گھر پروگرام’گھروں کی تعمیر کیلئے215ارب76کروڑ کی رقم فراہم

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ کیمطابق اب تک پروگرام کے تحت ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ گھروں کی تعمیر کے لیے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔ اب تک ایک لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جن میں ہزاروں خاندان منتقل ہو کر اپنی مستقل رہائش کا خواب پورا کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 28 ہزار 453 گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ 32 ہزار 48 مزید گھروں کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت جاری کیے گئے قرضوں میں سے 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی بھی کی جا چکی ہے، جبکہ اس اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہائوسنگ فنانس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 91 ہزار 434 مرد، 14 ہزار 7 خواتین اور 23 ٹرانس جینڈر افراد اس پروگرام کے تحت اپنے گھر تعمیر کر چکے ہیں دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں 45ہزار 325 گھروں کی تعمیر مکمل ہونے سے ہزاروں خاندانوں کو باعزت رہائش میسر آئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں