اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ‘قرضوں کی فراہمی کا ریکارڈ قائم

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت کم مدت میں 243ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے فراہم کردیئے، جبکہ ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے باعث رواں مالی سال میں قرضوں کی فراہمی کے اہداف میں دو گنا اضافہ کردیا گیا ہے۔صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ عمر مسعود سمیت بینک آف پنجاب اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بینک آف پنجاب اور دیگر اداروں کے نمائندگان کی جانب سے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر ہائوسنگ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت زیرِ التوا ادائیگیوں کے فوری اجرا کی ہدایت بھی کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت منظور شدہ قرضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اب تک 1 لاکھ 14 ہزار 237 گھر مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ 45 ہزار 254 گھروں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت، محفوظ اور اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔بلال یاسین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موثر کوآرڈی نیشن یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کے پیش نظر قرضوں کی فراہمی کے اہداف کو رواں مالی سال کے دوران ہی دو گنا کردیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اپنی چھت کے حصول کا خواب پورا کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں