سرگودھا(بیورو چیف)حافظ شوکت علی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بورڈ میں مکمل ہونے والے سولرائزیشن منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر بورڈ کے سیکرٹری، متعلقہ افسران اور دیگر انتظامی حکام بھی موجود تھے۔کمشنر سرگودھا کو بورڈ حکام کی جانب سے منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سولرائزیشن منصوبے کی تکمیل سے ادارے کے بجلی اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئے گی جبکہ ماحول دوست اور متبادل توانائی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیا گیا ہے جس سے بورڈ کے دفتری امور کی انجام دہی مزید موثر اور بلا تعطل ممکن ہو سکے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری اداروں میں توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سولرائزیشن منصوبے نہ صرف قومی وسائل کے بہتر استعمال کا ذریعہ ہیں بلکہ ماحولیات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر بورڈ انتظامیہ اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو تعریفی اسناد اور شیلڈ تقسیم کیں۔




