تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ذوالقدر نے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کیلئے امریکا کو 6شرائط پیش کر دیں۔ایران کے سیکرٹری قومی سلامتی کونسل کے مطابق کبھی بھی اور کسی بھی زبان میں ایران کو دھمکایا نہ جائے، قوم کی توہین نہ ہو، ایران اور اس کے اتحادیوں پر مسلط جنگ دائمی طور پر ختم کی جائے، غیر مشروط طور پر ایرانی عوام کے چرائے ہوئے اور منجمد اثاثے جاری کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کی جائے اور امریکی افواج کو ایران کے اطراف سے ہٹایا جائے، ایران کو پہنچائے گئے نقصانات کا بغیر کسی کمی کے پورا ہرجانہ دیا جائے، ایرانی قوم پر عائد کی گئی نامنصفانہ اور غیرقانونی پابندیاں اٹھائی جائیں۔ایران کے سیکرٹری قومی سلامتی کونسل کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے رویہ نہ بدلا تو آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی، جنگ ہو یا مذاکرات ایران اپنے ارادوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔دریں ثناء ۔تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ امریکا کو آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کو قبول کرنا ہوگا، ایران اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا آبنائے ہرمزکی نئی صورتحال کو نظر انداز کرنیکی کوشش کی گئی تودشمن کوبھاری قیمت چکاناہوگی، آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی، ایرانی مسلح افواج نئے نظام کے نفاذ تک اپنی پوزیشن پر ڈٹی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فوج میزائل اورڈرون لانچنگ مقامات پرموجود ہے اور ملک کے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑنے کا عزم رکھتی ہے۔




