تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ شروع کر دیا ہے جس کے دوران 100سے زائد میزائل داغے گئے اور ایران کی جانب سے کارروائی کو وعدہ صادق 3 کا نام دیا گیاہے ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیاہے کہ انہوں نے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں میں سے 50میزائلوں کو ہوا میں ہی ناکارہ بنا دیا تاہم دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کا کہناہے کہ تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا ہے ۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قوم کیلئے جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ ایران اپنی آنکھیں بند نہیں رکھ سکتا ، صیہونی حکومت نے بہت بڑی غلطی کی ہے ، ایران پر حملہ اسرائیل کی سنگین لاپرواہی ہے، اس کے نتائج اسرائیلی حکومت کو تباہی کی طرف لے جائیں گے، ایرانی قوم اپنے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی، ایران اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی نظر انداز نہیں کرے گا۔




