ایف بی آر کے چھوٹی کنفیکشنری کیلئے قواعد و ضوابط

اسلام آباد (بیوروچیف) ایف بی آر نے چھوٹی کنفیکشنری مصنوعات کی پیکنگ پر ریٹ اور سیلز ٹیکس کی پرنٹنگ سے متعلق قواعد میں مزید وضاحت جاری کردی ہے۔ نئی ترامیم کے تحت چاکلیٹس، کینڈیز، ٹافیز اور دیگر چھوٹی مصنوعات کے ہر ٹکڑے پر الگ سے ریٹ اور سیلز ٹیکس درج کرنا لازمی نہیں ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق اب 250ٹکڑوں تک کی پیکنگ پر ریٹ اور سیلز ٹیکس درج یا ایمبوس کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ اس سے قبل یہ سہولت صرف 100ٹکڑوں تک محدود تھی۔ تاہم پیکنگ پر پرنٹنگ کی اجازت مخصوص شرائط سے مشروط ہوگی۔ پیکیج میں شامل ہر کنفیکشنری ٹکڑے کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت 10روپے اور وزن 10گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ یعنی 10روپے تک قیمت اور 10گرام تک وزن رکھنے والی مصنوعات کے لیے پیکج کی سطح پر ریٹ اور سیلز ٹیکس درج کیا جا سکے گا۔ایف بی آر نے بتایا کہ یہ وضاحت چھوٹی کنفیکشنری مصنوعات کی پیکنگ پر ہر ٹکڑے کی الگ الگ پرنٹنگ میں درپیش عملی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کی گئی ہے۔ تاہم پیکنگ پر پرنٹنگ یا ایمبوسنگ کی سہولت سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کی متعلقہ شرائط کی پابندی سے مشروط ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں