فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے راہنمااورسابق یو سی ناظم وچیئرمین سی سی28گلستان کالونی ،ممبرامن کمیٹی میاںطاہر ایوب نے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور قیمتو ں میں خودساختہ اضافے کی شدیدمذمت کرتے ہو ئے کہاہے کہ ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانے نرخ وصول کرکے عوام کی جیبوں پر دن دہاڑے ڈاکہ ڈال رہاہے ۔ ایل پی جی کی کھلے عام بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مافیا سرکاری نرخوں کو جوتی کی نوک پر رکھتے ہوئے من مانے ریٹ وصول کر رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی کاکرداراداکرہے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ غریب عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ غریب اور متوسط طبقہ جو پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، بنیادی ضرورت کے حصول کیلئے بھی ذلیل و خوار ہو رہا ہے۔ حکومتی دعوے محض بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایل پی جی ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے مگر ذخیرہ اندوز عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں کو آسمان پر پہنچا رہے ہیں۔ عوام مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں ۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن شروع کرے، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیںبصورت دیگر عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔




