ایم کیو ایم کا آبادی کے لحاظ سے صوبوں کے قیام کا مطالبہ

کراچی (بیوروچیف) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے ملک میں آبادی کے لحاظ سے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے بنانے کا مقدمہ سب سے زیادہ مضبوط ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں اب ضرورت کے مطابق نئے صوبے بننے چاہییں۔خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ موجودہ صوبے لسانی بنیادوں پر بنائے گئے تھے، آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود ملک میں نئے صوبے نہیں بنائے گئے۔ نئے صوبوں کا مطالبہ کسی تنظیمی یا سیاسی ضرورت کے تحت نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے نہ بنانے کے جو اثرات سامنے آئے ہیں، ان پر بھی بات ہونی چاہیے۔ ہم مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ سیاسی مفادات سے باہر نکل کر سب کو آپس میں مذاکرات کرنے چاہییں، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے ملک بھر کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آئیں اس معاملے پر ڈائیلاگ کرتے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے اندر نئے صوبوں کا مقدمہ سب سے زیادہ مضبوط ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہجرت کرنے والے بھی اختیاری پاکستانی اور اختیاری سندھی تھے، سندھ کے لوگوں نے ہجرت کرنے والوں کا محبت سے استقبال کیا، سندھی بھائیوں کی محبت اور استقبال کو ہمیشہ احترام سے یاد رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں