لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی ہدایات پر قومی کرکٹرز کا عمل جاری ہے۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، ٹیسٹ کپتان بابر اعظم تقریبا 6 ڈومیسٹک سیزن کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس میں بابر اعظم او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کا پہلا رائونڈ ان دنوں جاری ہے جبکہ دوسرا رائونڈ 18 ستمبر سے شروع ہو گا۔بابر اعظم وطن واپسی پر تمام معاملات طے کرنے کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کھیلیں گے، انہوں نے دسمبر 2019 میں پاکستان میں آخری فرسٹ کلاس میچ سنٹرل پنجاب کی جانب سے کھیلا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کو پابند کیا ہوا ہے۔فاسٹ بالر شاہین آفریدی بھی طویل عرصے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ حارث رف، فخرز مان اور سلمان علی آغا سمیت کرکٹرز پریزیڈنٹ ٹرافی کھیل رہے ہیں۔




