فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مون سون کے موجودہ سیزن کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈینگی کے خلاف سرگرمیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نعمان صدیق کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال سرویلنس اور انسدادی اقداما ت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لئے تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ رہنے دیا جائے۔ انہوں نے ہر صورت ہاٹ سپاٹ کور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کباڑ خانوں، ٹائر شاپس اور زیر تعمیر عمارتوں کا بھی جائزہ لے کر احتیاطی اقدامات ہر صورت ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس رپورٹ جمع کروائیں فیلڈ سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ مون سون سیزن میں احتیاطی تدابیر اپنائیں، اپنے گھروں کی چھتوں، گملوں، پانی کے برتنوں اور ٹینکیوں کو صاف رکھیں تاکہ ڈینگی کی افزائش کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔




