بجلی صارفین پر اربوں کا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

لاہور (بیوروچیف) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی درخواست نیپرا کو بھجوا دی ہے۔ کمپنی نے بجلی کے بلوں کے ذریعے 2ارب 35کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی منظوری طلب کی ہے۔دستاویزات کے مطابق لیسکو نے اپریل سے جون 2026کی سہ ماہی کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، جس میں بجلی کی پیداوار اور فروخت کے فرق، کیپسٹی چارجز، ایندھن کی قیمتوں، نیٹ میٹرنگ صارفین کے سسٹم پر اثرات ،ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر ٹیرف میں اضافے کی استدعا کی گئی ہے۔ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین نے 8فیصد جبکہ کمرشل صارفین نے 7فیصد کم بجلی استعمال کی۔ مجموعی طور پر لیسکو کے صارفین کی بجلی کی کھپت میں تقریبا 4فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستاویزا ت میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باعث فی یونٹ لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث اضافی مالی بوجھ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں سامنے آتا ہے۔لیسکو کی درخواست پر حتمی فیصلہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA)کرے گی، جو سماعت اور جائزے کے بعد یہ طے کریگی کہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی جائے یا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں