فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کی مرکزی قیادت کی کال پر فیسکو سمیت ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی مجوزہ نجکاری کے خلاف بختیار لیبر ہال عبداللہ پور فیصل آباد میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے میں فیسکو کے ملازمین اور یونین عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل چیئرمین سی بی اے فیسکو چوہدری سرفراز احمد ہندل نے کہا کہ فیسکو، گیپکو، آئیسکو، واپڈا، این ٹی ڈی سی اور دیگر قومی ادارے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان اداروں کی نجکاری خصوصا منافع بخش کمپنیوں کی فروخت نہ صرف قومی مفادات کے خلاف ہے بلکہ لاکھوں ملازمین اور ان کے خاندانوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے دبا پر قومی اثاثوں کی نجکاری ملک و قوم کے خزانے پر ڈاکہ ڈالنے کے برابر ہے۔ یونین ماضی میں بھی ایسی کوششوں کو ناکام بنا چکی ہے اور آئندہ بھی پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے اس عمل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔چوہدری سرفراز احمد ہندل نے کہا کہ فیسکو ایک منافع بخش ادارہ ہے جو 100 فیصد سے زائد ریکوری اور کم ترین لائن لاسز کے ساتھ اربوں روپے منافع کما رہا ہے۔ ایسے ادارے کی نجکاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نجکاری کے منصوبے واپس لے اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے ملازمین اور ان کی نمائندہ تنظیموں کو اعتماد میں لے مقررین نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں، میڈیکل، کنوینس، ڈینجر اور دیگر الانسز میں اضافہ کیا جائے، خالی آسامیوں پر مستقل بھرتیاں کی جائیں، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیا جائے اور واپڈا کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔




