اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس یکم جون کو طلب کیا جائے گا اور آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ اسی ہفتے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سینیٹ کا اجلاس، جس میں بجٹ تجاویز پر سفارشات تیار کی جائیں گی، جون کے پہلے ہفتے میں بلایا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب دونوں ایوانوں میں علیحدہ علیحدہ بجٹ تجاویز پیش کریں گے۔پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کا آخری اجلاس 11 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس کی سمری منظوری کے لیے ایوان صدر کو بھیج دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کے لیے چار ہفتے مختص کیے گئے ہیں، جو 28 جون کو مکمل ہوں گے۔ بجٹ پیش ہونے کے فورا بعد تجاویز سینیٹ کو بھیج دی جائیں گی، جہاں ایوان بالا کو 15 دن میں اپنی سفارشات تیار کرنے کا موقع ملے گا۔ بعد ازاں حکومت ان سفارشات کو حتمی منظوری سے قبل زیر غور لائے گی۔مالیاتی ماہرین کے مطابق بجٹ کی تیاری میں شامل حکام کو انتہائی محتاط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔




