لاہور (بیوروچیف) حکومتِ پنجاب نے لاہور میں بسنت کو محفوظ انداز میں منانے کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقصد کے تحت شہر بھر میں 100سیفٹی کیمپس قائم کیے جائیں گے جبکہ شہریوں میں 10لاکھ سیفٹی راڈز تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 23مختلف روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔کمشنر لاہور مریم خان کے مطابق محفوظ بسنت کی تقریبات صرف ضلع لاہور کی حدود میں 3روز تک، یعنی 6، 7اور 8فروری کو منعقد ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ پتنگ اور ڈور کی فروخت یکم فروری سے 8فروری 2026تک کی اجازت ہوگی، تاہم 6 فروری سے پہلے لاہور میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ محفوظ بسنت کے تینوں دنوں میں سیفٹی راڈ کے بغیر کسی موٹر سائیکل کو لاہور کی سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مزید یہ کہ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والے مواد کی تیاری بھی صرف ضلع لاہور تک محدود رکھی جائے گی۔




