بس حادثے میں جاںبحق26افراد کی شناخت مکمل،نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل

ژوب (نامہ نگار)بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک بس حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی شناخت، میتوں کی منتقلی اور حادثے کی تحقیقات کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے کارروائی کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل کر دیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 33افراد کی لاشیں ژوب سول اسپتال منتقل کی گئیں، جن میں سے 26افراد کی شناخت مکمل ہونے کے بعد ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔حکام کے مطابق حادثے میں خواتین اور بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ تاحال 4 خواتین، ایک بچے اور 2 مردوں کی شناخت نہیں ہو سکی، جس کے باعث ان کی میتیں ژوب سول اسپتال میں موجود ہیں۔ شناخت ہونے والے جاں بحق افراد کا تعلق پشاور، مالاکنڈ، باجوڑ، وزیرستان، بنوں، لکی مروت، قلعہ عبداللہ اور بھکر سے بتایا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں مسافر کوچ کے ڈرائیور بابو استاد بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں، جبکہ دیگر لاشوں کی شناخت کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کے جبل نور بس ٹرمینل پر واقع نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق دانہ سر میں حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ اسی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی ملکیت تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں