ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکام نے حج قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کرتے ہوئے 6پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے’رپورٹس کے مطابق ایک شخص کو بغیر حج پرمٹ مکہ میں قیام کرنے پر حراست میں لیا گیا، جبکہ 5افراد کو مبینہ طور پر بغیر اجازت عازمینِ حج کی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں حج سے قبل سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور موجودہ قوانین کے تحت صرف حج ویزا رکھنے والے افراد کو مکہ میں داخلے اور قیام کی اجازت ہے، 18 اپریل کے بعد وزٹ یا دیگر عارضی ویزوں پر موجود افراد کو خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جا رہا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق حج پرمٹ قوانین کی خلاف ورزی پر 20 ہزار سے 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔حکام نے اس سے قبل عمرہ ویزا رکھنے والوں کو 18 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، بصورت دیگر 50 ہزار ریال جرمانہ، 6 ماہ قید اور ملک بدری کی سزا دی جا سکتی ہے۔مزید برآں بغیر حج پرمٹ افراد کو رہائش یا دیگر سہولیات فراہم کرنا بھی قابل سزا جرم ہے، جس پر 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔




