سمندری (نامہ نگار) ینگ ویلفیئرسوسائٹی (رجسٹرڈ)کے صدر شیخ ہارون ارشاد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت، معاشرے کے کمزور مستحق طبقات کی مدد عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی سوسائٹی کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ویلفیئر سوسائٹی گزشتہ کئی برسوں سے بلاامتیاز انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور اسی سلسلے میں ینگ ویلفیئر ہسپتال سمیت مختلف علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں ماہر ڈاکٹر مریضوں کا مفت معائنہ کرتے ہیں، ادویات فراہم کی جاتی ہیں اور صحت سے متعلق آگا ہی بھی دی جاتی ہے ۔ شیخ ہارون ارشاد ایڈووکیٹ نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ہی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے، سماجی خدمت کے اس مشن میں سوسائٹی کا ساتھ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک امداد اور سہولیات پہنچائی جا سکیں اور ایک صحت مند، خوشحال اور باہمی تعاون پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔




