فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلہ حسن نعت میں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، نعت خوانی کے خوبصورت مقابلے نے روحانی اور دینی جذبے کو اجاگر کر دیا۔ تقریب میں پرائمری، مڈل اور ہائی سیکشن کے طلبہ و طالبات، والدین، اساتذہ اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ بارگاہِ رسالت ۖ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ مقابلہ حسن نعت کے ججز نے انتہائی ذمہ داری، غیر جانب داری اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے نتائج مرتب کیے، جس پر شرکا ء کی جانب سے ججز کے فیصلوں کو سراہا گیا۔اس موقع پر حافظ محمود الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بابرکت تقریبات کا انعقاد اور ان میں شرکت ہمارے لیے سعادت ہے۔ بچوں کی زندگیوں میں حضور اکرم ۖ سے محبت پیدا کرنا اور انہیں سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم اور اسلامی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔محمد اسلم بٹ، چوہدری ندیم سندھو اور دیگر مقررین نے کہا کہ مقابلہ حسن نعت جیسے پروگرامز بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نبی کریم ۖ سے محبت ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، اس لیے نئی نسل کو سیرتِ رسول ۖ سے روشناس کرانا تعلیمی اداروں، والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔مقررین نے اقبال پبلک سکول کی انتظامیہ اور ٹیم کو بھی خصوصی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مقابلہ حسن نعت کے انتظامات، طلبہ کی میزبانی اور شرکا کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اقبال پبلک سکول کی ٹیم نے انتہائی ذوق و شوق اور محنت کے ساتھ تقریب کے انتظامات مکمل کیے۔اس موقع پر رانا شاہد مقرب، سید ابرار حسین شاہ، شیخ غلام سرور، زاہد رشید بسرا، چوہدری گلزار حسین، رانا خلیل احمد، زاہد وقاص سندھو، حاجی جاوید اقبال، رانا جابر رشید اور دیگر بھی موجود تھے۔شرکا نے کہا کہ ایسی دینی و تربیتی تقریبات کا انعقاد تسلسل کے ساتھ ہونا چاہیے، کیونکہ حضور اکرم ۖ سے محبت کے بغیر ہمارا دین مکمل نہیں ہوتا۔ پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کی جانب سے دینی اور دنیاوی تعلیم کے میدان میں بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی فورم کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے اور نئی نسل کو علم، عمل، کردار اور عشقِ رسول ۖ کی دولت سے مالا مال فرمائے۔




