بچی کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی(بیورو چیف)تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر گلی میں کھیلتی ڈیڑھ سالہ بچی کی گردن پر چھری کے وار سے قتل کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے سخت نوٹس لینے پر پولیس مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا جس پر ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا گیا۔ڈیڑھ سالہ بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت علاج معالجے کے بعد خطرے سے باہر ہے۔ایس پی صدر کی سربراہی میں ایس ایچ او دھمیال اور ٹیموں نے مسلسل انتھک محنت سے ملزم کو گرفتار کیا، ملزم متاثرہ بچی کی والدہ کا رشتہ دار نکلا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے ذاتی چپقلش کی بناء پر بچی کو قتل کرنے کی کوشش کا انکشاف کیا ہے، ملزم کے ساتھیوں سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کیا جائیگا۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا نے کہا کہ بچوں پر تشدد یا انکا استحصال کسی صورت برداشت نہیں، ملزم کو غیر انسانی فعل پر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔قبل ازیں، تھانہ دھمیال میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار جواد الحسن کی مدعیت میں درج مقدمے میں بتایا گیا تھا کہ ڈیوٹی پر موجود تھا کہ گلی نمبر 6 گرجا روڈ پر ڈیڑھ سالہ بچی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچا تو پتا چلا کہ ڈیڑھ سالہ چھوٹی بچی ایمن فاطمہ گردن پر چھری کے وار سے شدید زخمی ہوئی ہے۔درج مقدمے میں بتایا گیا کہ مزید پتہ کرنے پر پتا چلا کہ کسی نامعلوم شخص نے بچی کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کرنے کے لیے گردن پر چھری سے وار کیا جس کے باعث بچی شدید زخمی ہوگئی، بچی کو علاج کے لیے ڈسڑکٹ اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں