بھارت کے4رافیل طیارے غائب

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد ایک بار پھر سوالات کی زد میں آ گئی برطانوی ہوا بازی کے جریدے فلائٹ گلوبل کی نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کے پاس اس وقت 32رافیل طیارے موجود ہیں حالانکہ بھارت نے فرانس سے مجموعی طور پر 36طیارے خریدے تھے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد باقی چار طیاروں سے متعلق بھارت میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ بھارتی میڈیا نے بھی اس معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ باقی رافیل طیارے کہاں ہیں اور کس کے گیراج میں پارک ہیں؟ اس سوال نے سوشل میڈیا اور بھارتی ذرائع ابلاغ میں طیاروں کی تعداد سے متعلق بحث کو مزید نمایاں کردیا ہے۔اس معاملے کی وجہ ہوا بازی سے متعلق برطانوی جریدے فلائٹ گلوبل کی تازہ رپورٹ ہے، جس میں دنیا کے مختلف ممالک کی فوجی فضائی طاقت اور لڑاکا طیاروں کی تعداد کے اعدادوشمار جاری کیے گئے ہیں۔ بھارتی اخبار سمیت دیگر میڈیا اداروں نے بھی اس رپورٹ کا حوالہ دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت کے پاس 32 رافیل طیارے موجود ہیں، جبکہ فرانس سے خریدے گئے طیاروں کی مجموعی تعداد 36تھی۔ تاہم ان چار طیاروں کے حوالے سے رپورٹ میں کوئی تفصیلی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے بھی اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس ہونے والی چار روزہ لڑائی کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے، جس کے دوران پاکستان نے بھارتی رافیل سمیت متعدد لڑاکا طیارے مار گرانے کے دعوے کیے تھے۔ دوسری جانب بھارتی فضائیہ کے ایئرمارشل اے کے بھارتی نے اس وقت طیاروں کے نقصانات سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ جنگ میں نقصانات ہوتے ہیں، تاہم انہوں نے بھارتی طیاروں کے نقصان کی تعداد بتانے سے گریز کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں