بھرپور جواب،ایران نے امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغ دئیے

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب فضائی حملے کر دیئے، ایران کے ساحلی علاقے سرک میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔ امریکی سینٹ کام کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی ایرانی میزائل اور ڈرون ذخائر پر کی گئی، ساحلی ریڈار تنصیبات بھی حملوں کا ہدف بنیں۔سینٹ کام نے بتایا کہ تجارتی جہاز پر حملے کے جواب میں کارروائی کی، تجارتی جہاز پر ایرانی حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے، ایران نے 25 جون کو سنگا پور کے تجارتی جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا تھا۔پاسداران انقلاب نے امریکی حملے پر ردعمل میں کہا کہ ایران نے امریکی فوج کا حملہ پسپا کر دیا، امریکی حملے کا جواب تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔دریں ثنا ئ۔تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی ساحلوں پر امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔پاسداران انقلاب نے اہداف کے مقام، حملے کی نوعیت یا ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔اس سے پہلے امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے پر ایران کے میزائل اور ڈرون سٹوریج کے مقامات اور ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔اس کے بعد ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکی حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس جارحیت کو بغیر ردعمل کے نہیں چھوڑا جائے گا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحری اور فضائی افواج نے سیریک جزیرے پر کئے گئے امریکی حملے کو ناکام بنا دیا اور اس کے اثرات کو غیر موثر کر دیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ اس جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا اور ہمارا ردعمل ہماری مرضی کے وقت اور مقام پر تیز اور فیصلہ کن ہوگا۔آئی آر جی سی نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے کوئی نئی احمقانہ حرکت کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں